8 دسمبر 2016 - 12:40
مغربی عراق پر امریکی طیاروں کی بمباری

عراقی پارلیمنٹ کے دفاعی و سیکورٹی کمیشن کے رکن نے کہا ہے کہ شہر قائم کے بازاروں اور منڈی پر ہونے والی بمباری میں تقریبا اسّی افراد جاں بحق اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے دفاعی و سیکورٹی کمیشن کے رکن محمد الکربولی نے بدھ کے روز مغربی عراق میں واقع شہر قائم پر ہونے والی بمباری کا ذکر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکی اتحاد کی بمباری میں عراقی شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے۔ الکربولی نے عراق کے مختلف علاقوں پر امریکی اتحاد کی جانب سے ہونے والے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے حملوں سے عراقی فوجیوں کی پوزیشن متاثر ہو رہی ہے۔ کچھ عرصے قبل بھی امریکی جنگی طیاروں نے الانبار کے مغرب میں واقع شہر ہیت پر حملہ کر دیا تھا جس میں بائیس عام شہری جاں بحق اور تینتالیس دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ امریکی جنگی طیاروں نے صوبے نینوا میں موصل کے شمال مشرق میں واقع شہر تیلکیف کے مضافاتی علاقوں پر حملہ کر کے دسیوں عام شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ حال ہی میں موصل کے جنوب میں بھی امریکی حملے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے اکّیس جوان جاں بحق ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے عراق اور شام کے مختلف علاقوں پر امریکہ کی سرکردگی میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے حملے ستمبر دو ہزار چودہ سے جاری ہیں جن میں سیکڑوں عام شہری جاں بحق ہو چکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169